حافظ آباد کے نواحی علاقے لالکے تارڑ، تھانہ ونیکے تارڑ کی حدود میں غیرت کے نام پر مبینہ طور پر ایک انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا دوہرا قتل پیش آیا، جہاں ایک سال قبل پسند کی شادی کرنے والے میاں بیوی کو قبرستان میں چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔
پولیس اور مقامی ذرائع کے مطابق 25 سالہ محمد افضل اور ان کی 19 سالہ اہلیہ سمرہ شہزادی اپنے عزیزوں کی فاتحہ خوانی کے لیے مقامی قبرستان آئے ہوئے تھے۔ اسی دوران سمرہ شہزادی کا بھائی وہاں پہنچا اور مبینہ طور پر دونوں پر تیز دھار آلے (چھری) سے متعدد وار کیے، جس کے نتیجے میں دونوں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق مقتول جوڑے نے تقریباً ایک سال قبل اپنی مرضی سے شادی کی تھی، جس پر لڑکی کے اہلِ خانہ ناراض تھے۔ پولیس واقعے کو ابتدائی طور پر غیرت کے نام پر قتل قرار دیتے ہوئے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔
اطلاع ملتے ہی تھانہ ونیکے تارڑ پولیس موقع پر پہنچ گئی، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے، لاشوں کو پوسٹ مارٹم اور قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیا، جبکہ فوری کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔ ملزم سے تفتیش کے بعد مزید حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔
یہ افسوسناک واقعہ ایک بار پھر معاشرے میں غیرت کے نام پر قتل جیسے سنگین جرم پر سوالات اٹھا رہا ہے، جبکہ اہلِ علاقہ نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دی جائے۔