اوٹاوا: کینیڈا کے صوبے البرٹا میں واقع یونیورسٹی آف کیلگری نے اپنی 60ویں سالگرہ کو منفرد انداز میں مناتے ہوئے گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ اس یادگار تقریب میں سیکڑوں افراد نے ڈائنوسار کے لباس پہن کر شرکت کی اور دنیا کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
یونیورسٹی کی جانب سے منعقدہ تقریب میں 682 افراد نے مختلف اقسام کے ڈائنوسار کے ملبوسات زیب تن کیے اور ٹیلر فیملی ڈیجیٹل لائبریری کے باہر ایک ہی مقام پر جمع ہوئے۔ اس غیرمعمولی اجتماع کو گنیز ورلڈ ریکارڈز کے نمائندوں نے باضابطہ طور پر ریکارڈ کا حصہ قرار دیا۔
اس کامیابی کے ساتھ گزشتہ عالمی ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا، جو 468 افراد کی شرکت کے ساتھ گزشتہ سال امریکی ریاست فلوریڈا کے ویسٹ پام بیچ میں قائم کیا گیا تھا۔ نئے ریکارڈ نے یونیورسٹی آف کیلگری کو دنیا بھر میں منفرد شناخت دلا دی۔
اس موقع پر یونیورسٹی کے صدر اور وائس چانسلر نے اظہارِ مسرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی صرف ادارے کی نہیں بلکہ پوری کیلگری کمیونٹی کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی لمحے نے ثابت کیا ہے کہ اجتماعی جذبے اور تعاون سے غیرمعمولی کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے نمائندے نے تقریب کے دوران تمام شرائط کی جانچ کے بعد تصدیق کی کہ 682 افراد پر مشتمل ڈائنوسار کے لباس کا یہ اجتماع دنیا کا نیا عالمی ریکارڈ ہے۔