امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانس میں منعقدہ جی سیون سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد اسی تاریخی طیارے کے ذریعے واشنگٹن تک اپنی آخری پرواز مکمل کی، جس کے ساتھ ہی اس طیارے کی عملی خدمات کا اختتام ہوگیا۔ اس موقع پر امریکی کمیونیکیشن ڈائریکٹر اسٹیون چیونگ نے سوشل میڈیا پر طیارے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے "شاباش، اچھا اور وفادار بندہ” اور "آخری سواری” کے الفاظ تحریر کیے جسے طیارے کو خراجِ تحسین قرار دیا جا رہا ہے۔ امریکی حکومت ایک سال قبل قطر کی جانب سے تحفے میں دیے گئے لگژری بوئنگ 747 طیارے کو عارضی طور پر نئے "ائیر فورس ون” کے متبادل کے طور پر صدارتی فضائی بیڑے میں شامل کر رہی ہے۔ ریٹائر ہونے والا یہ طیارہ سابق امریکی صدر جارج ایچ ڈبلیو بش سے لے کر موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ تک کئی امریکی صدور کی سفری ضروریات پوری کرتا رہا۔ اس دوران یہ سینکڑوں بین الاقوامی دوروں اور اہم سفارتی مشنز کا حصہ بنا۔ سفید اور نیلے رنگ کا یہ مشہور طیارہ دنیا بھر میں امریکی صدارت کی ایک متحرک علامت سمجھا جاتا تھا اور جہاں بھی امریکی صدر سفر کرتے یہ جہاز عالمی توجہ کا مرکز بن جاتا تھا۔