اسلام آباد، پشاور اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے، شدت 5.4 ریکارڈ

اسلام آباد، پشاور اور خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، جس سے شہری خوف و ہراس میں گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ پاکستان محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.4 ریکارڈ کی گئی۔ پی ایم ڈی کے مطابق زلزلہ دوپہر 12 بج کر 51 منٹ پر ریکارڈ کیا گیا، جس کا مرکز افغانستان کے ہندوکش ریجن میں تھا، جبکہ اس کی گہرائی زیرِ زمین 187 کلومیٹر بتائی گئی۔ امریکی ادارہ برائے ارضیاتی سروے (یو ایس جی ایس) نے زلزلے کی شدت قدرے کم یعنی 5.3 ریکارڈ کی اور اس کا مرکز افغان شہر جرم سے 35 کلومیٹر جنوب مغرب میں بتایا۔ زلزلے کے جھٹکے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح کے علاقوں کے علاوہ پشاور، ملاکنڈ اور خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع میں بھی محسوس کیے گئے۔ ماضی میں اسی نوعیت کے ہندوکش زلزلوں کے دوران سوات، بونیر، ہنگو، شانگلہ، کوہاٹ، مومند، باجوڑ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، چارسدہ، صوابی اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا تک بھی جھٹکے محسوس ہو چکے ہیں۔ حکام کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ ریسکیو اداروں نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں۔ ماہرین نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ممکنہ آفٹر شاکس کے پیش نظر چوکس رہیں اور حفاظتی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ، جہاں سے پاکستان کو متاثر کرنے والے بیشتر زلزلے جنم لیتے ہیں، بھارتی اور یوریشیائی زمینی پلیٹوں کی سرحد کے قریب واقع ہے۔ بھارتی پلیٹ کے شمال کی جانب یوریشیائی پلیٹ کے نیچے مسلسل کھسکنے سے پیدا ہونے والا رگڑ اور دباؤ اکثر معتدل سے شدید نوعیت کے زلزلوں کو جنم دیتا ہے، جن کی گہرائی عموماً 150 سے 250 کلومیٹر کے درمیان ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس خطے میں شدید زلزلے آنے کے باوجود، گہرائی زیادہ ہونے کے باعث زمین کی سطح پر نقصان اکثر محدود رہتا ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ پاکستان میں گزشتہ کچھ عرصے سے زلزلوں کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ گزشتہ ہفتے بلوچستان کے علاقے ڈالبندین میں 4.0 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جبکہ رواں سال جون میں بھی ہندوکش خطے سے شروع ہونے والے 5.3 شدت کے زلزلے کے جھٹکے سوات، چترال، اپر و لوئر دیر، شانگلہ، بونیر اور ملاکنڈ کے علاقوں میں محسوس کیے گئے تھے۔ اسی ہفتے لاہور اور پنجاب کے کئی اضلاع میں بھی 4.9 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا تھا، جس کا مرکز بھارت میں تھا۔