اوور لوڈنگ، خستہ حال ٹائروں اور من مانے کرایوں نے مسافروں کی جان خطرے میں ڈال دی

موٹروے M-4 پر گوجرہ انٹرچینج کے قریب ٹائر پھٹنے سے بس بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی، مسافروں نے ٹرانسپورٹ انتظامیہ کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔
حافظ آباد سے ملتان اور ملتان سے حافظ آباد کے درمیان چلنے والی متعدد مسافر بسوں میں مبینہ طور پر اوور لوڈنگ معمول بن چکی ہے۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ بسوں میں گنجائش سے زیادہ افراد سوار کیے جاتے ہیں، جس کے باعث کئی مسافر پورا سفر کھڑے ہو کر کرنے پر مجبور ہوتے ہیں، جو نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے۔
موٹروے M-4 پر گوجرہ انٹرچینج کے قریب ایک مسافر بس کا ٹائر اچانک پھٹ گیا، تاہم ڈرائیور نے مہارت سے بس پر قابو پا لیا، جس کے باعث ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ واقعے کے بعد مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا

۔
مسافروں نے الزام عائد کیا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کا جواز بنا کر ٹرانسپورٹ کمپنیوں نے کرایوں میں من مانا اضافہ کر دیا ہے، لیکن اس کے باوجود گاڑیوں کی فٹنس، معیاری ٹائروں کے استعمال اور مسافروں کی حفاظت پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جا رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض بسوں میں پرانے اور کمزور ٹائر استعمال کیے جا رہے ہیں، جو انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
شہریوں نے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (RTA) اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اوور لوڈنگ، غیر معیاری ٹائروں کے استعمال اور من مانے کرایوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔