لندن میں آئمہ بیگ کے ساتھ وائرل ویڈیو پر بلال سعید کا دوٹوک مؤقف، ناقدین کو کرارا جواب

لاہور: معروف پاکستانی گلوکار بلال سعید نے گلوکارہ آئمہ بیگ کے ہمراہ لندن میں بننے والی وائرل ویڈیو پر ہونے والی تنقید کا تفصیلی جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر بغیر تصدیق کے الزامات لگانا اور کسی کی ساکھ کو نقصان پہنچانا درست رویہ نہیں۔

حال ہی میں بلال سعید اور آئمہ بیگ لندن میں اپنے نئے میوزک پراجیکٹ کی شوٹنگ میں مصروف تھے، جہاں دونوں فنکاروں کی مداحوں کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بنواتے ہوئے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔ ویڈیو سامنے آنے کے بعد بعض صارفین نے آئمہ بیگ کے لباس پر تنقید کی، جبکہ کچھ افراد نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ دونوں فنکار نشے کی حالت میں تھے۔

ان قیاس آرائیوں پر ردعمل دیتے ہوئے بلال سعید نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وائرل ہونے والی ویڈیو شوٹنگ کے دوران ریکارڈ کی گئی تھی اور ان کے ہاتھ میں کافی کا کپ تھا، نہ کہ کوئی نشہ آور مشروب۔ انہوں نے کہا کہ محض کسی اور کے ہاتھ میں موجود چیز یا ماحول کو دیکھ کر بے بنیاد نتائج اخذ کرنا مناسب نہیں۔

گلوکار نے مزید کہا کہ وہ کئی برسوں سے اپنی موسیقی کے ذریعے پاکستان کی مثبت شناخت دنیا بھر میں اجاگر کرتے آئے ہیں اور آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ اپنے ملک کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ بغیر حقائق جانے ان کی حب الوطنی یا کردار پر سوال اٹھائے۔

بلال سعید نے سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی کہ کسی بھی ویڈیو یا تصویر کی بنیاد پر رائے قائم کرنے سے پہلے اس کے اصل پس منظر اور حقائق کو ضرور جانچیں۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹی افواہیں نہ صرف فنکاروں بلکہ ان کے اہل خانہ کو بھی ذہنی اذیت میں مبتلا کر سکتی ہیں۔

بلال سعید کے وضاحتی بیان کے بعد سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا۔ بعض صارفین نے ان کے مؤقف کی حمایت کی اور افواہوں سے گریز کی تلقین کی، جبکہ کچھ افراد نے اس معاملے پر اپنی مختلف آراء کا اظہار بھی جاری رکھا۔