ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جون2026ء) سعودی عرب میں نئےہجری سال کے آغاز پر غلافِ کعبہ تبدیل کر دیا گیا، غلافِ کعبہ کی تبدیلی کے لیے تیاریاں پیر کی شام سے شروع ہوئیں اور منگل کی صبح کسوہ کی تبدیلی کا عمل مکمل کیا گیا۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں نئے ہجری سال کے آغاز کے موقع پر کعبۃ اللہ کے غلاف کی تبدیلی کا وہ تاریخی عمل سرانجام دیا گیا ہے جس کا سال میں صرف ایک بار دنیا بھر کے مسلمان انتہائی شدت سے انتظار کرتے ہیں، کسوہ فیکٹری سے نیا غلافِ کعبہ ایک باقاعدہ قافلے کی صورت میں مسجد الحرام منتقل کیا گیا جہاں سعودی ماہرین نے اپنی روایتی اور منفرد مہارت کے ساتھ اس مقدس ذمہ داری کو نبھایا۔غلاف کی تبدیلی کا عمل ایک انتہائی مربوط نظام اور تکنیکی باریکیوں کے تحت شروع کیا گیا، کسوہ کی تبدیلی کے عمل کا آغاز پرانے غلاف کو اتارنے سے کیا گیا، جس میں سب سے پہلے سونے کے تاروں سے کڑھائی کیے گئے آیاتِ قرآنی کے طغرے انتہائی مہارت اور احتیاط کے ساتھ اتارے گئے، اس کے بعد خانہ کعبہ کے دروازے کا وہ تاریخی اور خوبصورت پردہ اتارا گیا جس کی لمبائی 6.35 میٹر اور چوڑائی 3.33 میٹر ہے، غلاف کے مختلف سمت کے حصوں کو کعبے کی چھت پر لے جانے اور پھر پرانے حصوں کو نیچے لانے کا عمل نہایت ترتیب کے ساتھ مکمل کیا گیا۔