ژوب کے پہاڑی علاقے میں مسافر کوچ حادثے کا شکار، 40 افراد جان کی بازی ہار گئے

کوئٹہ: بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی سرحد پر واقع ژوب کے دشوار گزار پہاڑی علاقے میں ایک مسافر کوچ گہری کھائی میں جاگری، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 40 افراد جاں بحق جبکہ متعدد مسافر زخمی ہوگئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق کوچ کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی کہ دانہ سر کے مقام پر ڈرائیور سے گاڑی بے قابو ہوگئی اور سینکڑوں فٹ گہری کھائی میں جاگری۔ حادثہ انتہائی شدید ہونے کے باعث کوچ مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، فرنٹیئر کور (ایف سی)، پولیس اور دیگر امدادی اداروں کی ٹیمیں جائے حادثہ پہنچ گئیں۔ دشوار گزار پہاڑی راستوں کے باوجود امدادی اہلکاروں نے زخمیوں اور جاں بحق افراد کو نکالنے کے لیے فوری آپریشن شروع کیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق زخمی مسافروں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ جاں بحق افراد کی لاشیں بھی مرحلہ وار نکالی جا رہی ہیں۔ حادثے کے بعد شیرانی اور ڈیرہ اسماعیل خان کے سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تاکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ریسکیو کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے، جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی کرنے اور حادثے کی مکمل تحقیقات کا حکم بھی دیا۔

حکام کے مطابق حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقے میں امدادی سرگرمیاں مسلسل جاری رکھے ہوئے ہیں۔