اکتالیس سال کی عمر میں دوبارہ ماں بننے کی توقع نہیں تھی‘‘، ماہرہ خان کا جذباتی انٹرویو

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ 41 برس کی عمر میں دوبارہ ماں بننا ان کے لیے ایک غیر متوقع، مگر خوبصورت تجربہ ہے، جو جسمانی اور جذباتی دونوں لحاظ سے ان کے پہلے حملِ کے تجربے سے یکسر مختلف ثابت ہو رہا ہے۔

ماہرہ خان نے اپنے دوسرے حمل کا اعلان انسٹاگرام پر سفید میٹرنٹی گاؤن میں ایک خوبصورت تصویر شیئر کر کے کیا، جس کے کیپشن میں انہوں نے لکھا: ’’ہم منصوبے بناتے ہیں، اور پھر اللہ کی اپنی منصوبہ بندی ہوتی ہے۔‘‘ یہ اعلان انہوں نے ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (ٹی آئی ایف ایف) 2026ء میں اپنی پہلی باضابطہ شرکت کے موقع پر کیا، جہاں انہوں نے اپنا بے بی بمپ فخر سے نمایاں رکھا۔

فیسٹیول کے دوران دیے گئے ایک تفصیلی انٹرویو میں ماہرہ نے بتایا کہ ان کا بیٹا اظلان، جو 2010ء میں پیدا ہوا تھا، اب جوان ہو چکا ہے، اور ان کی زندگی کام، سفر اور معمولات کے ساتھ ایک متعین سمت میں آگے بڑھ رہی تھی۔ ایسے میں برسوں بعد دوبارہ ماں بننے کا سفر ان کے لیے ایک بڑی تبدیلی ثابت ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی بار ماں بننے کے وقت ان کی عمر صرف 24 برس تھی، جبکہ اب 41 سال کی عمر میں یہ سفر جسمانی طور پر کہیں زیادہ مشکل محسوس ہو رہا ہے، اور بعض دن وہ اتنا کام نہیں کر پاتیں جتنا ان کا ذہن چاہتا ہے۔ اداکارہ کے مطابق اس بار انہیں حمل سے جڑی تبدیلیوں اور غیریقینی صورتحال کا کہیں زیادہ ادراک ہے، اور خوشی کے ساتھ ساتھ خوف، تھکن اور نازک پن کے احساسات بھی شامل ہو گئے ہیں۔

ماہرہ نے مزید کہا کہ انسان اپنی زندگی کے لیے منصوبے بناتا ہے، لیکن اللہ کی منصوبہ بندی ہمیشہ سب سے بہتر ثابت ہوتی ہے۔ ان کے بقول اس تجربے نے انہیں ہر چیز کو اپنے قابو میں رکھنے کے بجائے زندگی کو جوں کا توں قبول کرنا سکھایا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس بار وہ ریڈ کارپٹ کے لباس کے حوالے سے بھی زیادہ سوچ بچار کر رہی ہیں، کیونکہ اس بار ساتھ ایک واضح نظر آنے والا بے بی بمپ بھی موجود ہے، جس کے باعث ان کا انتخاب اور اندازِ پیشکش پہلے سے کہیں زیادہ ذاتی نوعیت اختیار کر چکا ہے۔

اسی تقریب کے لیے ماہرہ خان نے فگر ہگنگ بلیک گاؤن کا انتخاب کیا، جسے انہوں نے ہلکی جیولری کے ساتھ پہنا۔ اس دوران ان کا بے بی بمپ واضح طور پر نمایاں تھا۔ تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز جلد ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں، اور مداحوں نے اداکارہ کے اعتماد اور خوبصورتی کو خوب سراہا۔ کچھ سوشل میڈیا صارفین کو ماہرہ کے اس بلیک میٹرنٹی لُک میں بالی ووڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون کے حمل کے دوران اپنائے گئے بلیک لُک کی جھلک بھی نظر آئی، جس کے بعد دونوں اداکاراؤں کے انداز کا موازنہ بھی شروع ہو گیا۔

ماہرہ خان نے 2019ء میں تاجر سلیم کریم کو ڈیٹ کرنا شروع کیا تھا اور 2023ء میں پاکستان میں ایک نجی تقریب میں ان سے شادی رچائی۔ یہ بچہ جوڑے کا پہلا مشترکہ بچہ ہوگا۔ خیال رہے کہ ماہرہ ماضی میں بھی اپنی ذاتی زندگی کو نہایت رازداری سے رکھتی آئی ہیں، اس لیے ان کا یہ حمل کا اعلان مداحوں کے لیے ایک خاص اور یادگار لمحہ ثابت ہوا۔