حافظ آباد میں کوٹ سرور انٹرچینج کے قریب موٹروے ایم 2 پر تیز رفتار گاڑی ٹائر برسٹ ہونے سے بے قابو ہو کر الٹ گئی۔
گاڑی موٹروے سے نیچے اتر کر ایک درخت سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں میاں بیوی جاں بحق جبکہ ان کے 3 بچے زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کار سوار فیملی سوات سے خانقاہ ڈوگراں جا رہی تھی۔


جاں بحق ہونے والوں میں 45 سالہ عمران ولد افضل اور ان کی 40 سالہ اہلیہ فرح سکنہ خانقاہ ڈوگراں شامل ہیں، جو سر پر شدید چوٹیں آنے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں میں 16 سالہ بیٹا، 12 سالہ احمد اور 8 سالہ مومنہ دختر عمران شامل ہیں۔
زخمی بچوں کو ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ٹراما سنٹر حافظ آباد منتقل کر دیا۔
